ٹوکیو (عرفان صدیقی ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان میں حکومت مضبوط ہے جمہوری مدت پوری کرے گی ، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، ہماری کوشش ہے کہ اس سال جاپان کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری آئے اور پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے منصوبے پر اگر جاپان کو کوئی خدشات ہیں تو ان کو دور کرنے کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، یہ بات انھوں نے ٹوکیو میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے بورڈآف گورنرز کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر’’ جنگ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی ، اسحاق ڈار جو ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے وائس چیرمین بھی ہیں وہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے قیام کے پچاس برس مکمل ہونے پر ہونے والے گولڈن جوبلی اجلاس میں شرکت کے لیے ٹوکیو پہنچے ہیں اسحاق ڈار نے کہا کہ ان کی جاپان کے وزیر خزانہ سمیت دیگر دوست ممالک کے وزرائ خزانہ سے بھی ملاقاتیں ہونگی جبکہ پاکستان کے لیے اہم ڈونر ایجنسیز کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں طے ہیں جبکہ آج ان کی انڈونیشیا اور مالدیپ کے وزرائ خزانہ سے ملاقاتیں ہوچکی ہیں جبکہ ڈونر اداروں میں ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے سربراہ اور چین کی جانب سے قائم کیے جانے والے ایشن انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ بینک کے سربراہ سے بھی ملاقات ہوچکی ہے جبکہ جاپان کے امدادی ادارے جائیگا کے سربراہ سے بھی ملاقات ہوچکی ہے ان تینوں اہم اداروں سے پاکستان کے لیے مستقبل کے معاشی منصوبوں پر بات ہوئی ہے جبکہ ایشین ڈیولپمنٹ بینک کی جانب سے پاکستان کی سالانہ ترقیاتی گرانٹ کو سالانہ ڈھائی أرب ڈالر کرنے پر بھی بات چیت ہوئی ہے ، اسحاق ڈار نےکہا کہ آنے والے چند دنوں میں ان کی جاپان کے وزیر خزانہ سے بھی ملاقات طے ہے کیونکہ یہ سال پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کے پینسٹھ برس مکمل ہونے کا سال بھی ہے لہذا ہماری کوشش ہے کہ اس سال جاپان کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری آئے اور پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے منصوبے پر اگر جاپان کو کوئی خدشات ہیں تو ان کو دور کرنے کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔