ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت روز بروز نیچے جارہی ہے ، لوڈشیڈنگ ،بجلی کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے چھوٹی صنعتوں کو بہت نقصان پہنچا ہے ملک بحرانی کیفیت میں ہے ،ملکی برآمدات گررہی ہیں ،درآمدات میں اضافہ ہورہا ہے تجارت کا توازن بگڑ رہا ہے لوگوں کا روز گار متاثر ہورہا ہے حکمران سب اچھا ہے کی رٹ لگائے ہوئے ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پاورلومز ایسوسی ایشن ملتان کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، جس کی قیادت ڈاکٹر علی اکبر انصاری ، ڈپٹی مشتاق انصاری اور دیگر قائدین نے کی ،مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاورلومز مالکان کے ساتھ اظہاریک جہتی کرتے ہوئے ان کے احتجاج کو جائزقرار دیا اور کہا کہ ان کی ہرفورم پر آواز بلند کریں گے ، انہوں نے کہا کہ ملتان میں 90 ہزار کے قریب پاورلومز ہیں جبکہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی عوام کی بڑی تعداد بھی اس سے وابستہ ہے اس پر لاکھوں خاندانوں کا دارومدار ہے پاورلومز میں ٹیکسٹائل صنعت کے لئے ریڑھ کی ہڈی ہے ،گھنٹوں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پاورلومز والوں نے احتجاج شروع کیا تھا اس پر وزارت تجارت نے ان کے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی ،لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوا ، اور پاورلومز ورکر ایک بار پھر احتجاج پر مجبور ہیں میں بطور ایم این اے حلقہ 150 اور تحریک انصاف کے وائسچیئرمین کیحیثیت سے پاورلومزورکرز کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کرتا ہوں اور حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس انڈسٹری کو تباہی سے بچانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں اورلاکھوں خاندانوں کو متاثر ہونے سے بچایا جائے ،بصورت دیگر ہم ان کے ساتھ سٹرکوں پر نکل آئیں گے ،اس موقع پر رکن اسمبلی جاوید اختر انصاری ، یونس جاوید انصاری ، قاضی نعیم احمداور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔دریں اثناء مخدوم شاہ محمود قریشی سابق یونین ناظم شیخ شاہد جمال کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ،وہ پی ٹی آئی کے چئیرمین شیخ طاہر حمید کی رہائش گاہ پر گئے اوران کے بھائی کی شادی کی مبارکباد دی ،ممتازآباد میں پی ٹی آئی رہنما مخدوم شعیب اکمل ہاشمی کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کو عمرہ کی مبارکباد دی ،بعدازاں وہ پی ٹی آئی کے اجلاس میں شرکت کے لئے اسلام آباد روانہ ہوگئے ۔