قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ گورنر سندھ کی تنقید پر برہم ہوگئے، کہا کہ گورنر سندھ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار نہ بنیں،محمد زبیر سیاسی کارکن ہیں ، استعفا دیدیں۔
کراچی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ محمد زبیر نے اخلاقیات کی خلاف ورزی کی ہے، گورنر غیر جانبدار ہوتا ہے، گورنر سیاسی کارکن ہیں، اپنا عہدہ چھوڑ کر پنجاب کے وزیر بن جائیں۔
اپوزیشن لیڈر کا ڈان لیکس پر ہونے والی ٹوئیٹس کے حوالے سے کہنا تھا کہ عاصم باجوہ کی ساری بات چیت ٹوئٹس پر چلتی تھی، اس وقت کسی نے کچھ کیوں نہیں کہا؟ ایک وفاقی وزیر نے ٹوئٹ کو زہر قاتل کہہ دیا، وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھ کربھی لوگ ٹوئٹس کی سیاست کرتے ہیں۔
اپوزیشن لیڈر نے وزیر اعظم کی بھارتی تاجر سجن جندال سے ملاقات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم جندال سے خفیہ ملاقات کررہے ہیں جس پر شکوک و شبہات ہیں۔
خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ تین ماہ میں ختم کرنے کا دعویٰ پورا نہیں ہوا، موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے لیے عوام کو دھوکا دیا ہے، میاں صاحب نے چار سال میں 1200 میگا واٹ بجلی کا اضافہ کیا ہے۔