کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن مشرف کالونی میں انٹیلی جنس اطلاع پر خالی پلاٹ پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے زیر زمین چھپایا گیا متحدہ قومی موومنٹ لندن کا اسلحہ برآمد کرلیا، برآمد ہونے والے اسلحہ میں ایس ایم جی ، دو رائفل 22بور ، پانچ تیس بور پستول، دو تیس بور ایم پی فائیو، دو نائن ایم ایم MP5، دو 12بور شارٹ گن، 4بولٹ پروف جیکٹ، مختلف اقسام کی 1968گولیاں ، 12عدد میگزین 9mm ، 16تیس بور پستول کے میگزین، چار 22بور رائفل کے میگزین اور 6 ایس ایم جی کے میگزین برآمد کرلیے۔ رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا اسلحہ متحدہ قومی موومنٹ لندن کے دہشت گردوں نے چھپایا تھا جو شہر میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کیلئے استعمال ہونا تھا ۔