لاہور (نمائندہ جنگ)سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اپنے خلاف ریفرنس کی سماعت کیلئے احتساب عدالت میں پیش ہوئے. احتساب عدالت نے غیرقانونی بھرتیوں کے الزام میں سابق وزیراعظم پر فرد جرم عائد کرنے انہیں کیلئے طلب کیا تھا تاہم راجہ پرویز اشرف کے وکلا نے اعتراض اٹھایا کہ نیب نے الزامات کے حوالے سے تمام دستاویزات فراہم نہیں کیا اس لیے فرد جرم عائد کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام دستاویزات فراہم کیے جائیں. نیب نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی درخواست کی مخالفت کی اور بتایا کہ ملزم کو ریفرنس میں لف کردہ تمام دستاویزات فراہم کر دیئے گئے. احتساب عدالت کے جج وسیم اختر نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد راجہ پرویز اشرف کی درخواست پر جواب طلب کر لیا ۔ جبکہ حا ضری سے استثنی کی درخواست مسترد کر دی ۔عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راجہ پرویز اشرف نے حیرت کا اظہار کیا کہ درجہ چہارم کی ملازمت دینے پر سابق وزیر اعظم کو ملزم بنا دیا گیا۔