سیالکوٹ،اگوکی (نمائندہ جنگ ،نامہ نگار ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،جہانگیر ترین، شاہ محمود قریشی سمیت دیگر قیادت آج بروز اتوار سیالکوٹ جناح اسٹیڈیم میں 6بجے شام جلسہ عام سے خطاب کریں گے جس کیلئے جناح اسٹیڈیم اور سڑکوں کو سجادیا گیا ہے جلسہ گاہ میں اسٹیج تیار اور 5سو سے زائد کرسیاں لگا دی گئی ہیں ، جلسہ میں سیکورٹی کیلئے پولیس کے ایک ہزار اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں اور انتظامیہ نے جلسہ کی اجازت دیتے ہوئے تحریک انصاف کے ضلعی صدرعثمان ڈار کو ضابطہ اخلاق سے آگاہ کرتے ہوئے پانچ لاکھ سیکورٹی جمع کروانے اور جناح اسٹیڈیم کے مین گیٹس پر سیکورٹی کی ذمہ داری تحریک انصاف کے ذمہ کردی ہے ،مین گیٹس پر اندر جانے والوں کی تلاشی تحریک انصاف خود ہی کروائے گی تاہم پولیس سیکورٹی کے فرائض سرانجام دے گی اور واک تھرو گیٹس ومیٹل ڈیٹکٹرز پولیس فراہم کرے گی ،تحریک انصاف ویمن ونگ سینٹرل پنجاب کی صدر سیدہ فرح اعظمی کے مطابق جلسہ میں ہزاروں شہری شرکت کرکے نواز لیگ کا سیاسی جنازہ نکال دے گی اور جلسہ میں خواتین کی بڑی تعدادعمران خان کو خراج تحسین پیش کر ینگے ، شہراقبال اور ضلع بھر میں پاکستان تحریک انصاف کے راہنماؤںا ور کارکنوں کی طرف سے فلیکس بورڈز ، پوسٹرز اور بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں ۔