ٹوکیو (عرفان صدیقی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عمران خان نے پہلے انتخابات میں دھاندلی کے نام پر 126؍ دن اور اب پاناما کے نام 127؍ دن قوم کے ساتھ ڈراما کیا جس سے پاکستان کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا جو تیزی سے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سنگین جرم سے کم نہیں ، ہمیشہ سے تمام سیاسی جماعتوں سے کہا کہ سیاست کو معیشت سے علیحدہ رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف گورنرز کے سالانہ اجلاس کے موقع پر اتوار کو یہاں دوسرے بزنس سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس وصولی میں اضاف اور مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی ہے ۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے اب سے چار سال قبل جو ادارے ہم سے ملنے سے کتراتے تھے وہ آج ہم سے وقت مانگ رہے ہیں جس کا ثبوت گزشتہ چار دنوں میں جاپان میں 40؍ سے زائد اہم عالمی شخصیات اور عالمی معاشی اداروں کے سربراہوں سے ملاقات ہے جس میں ہر کوئی پاکستان کی معاشی ترقی کو سراہا رہا ہے۔ اسحاق ڈر نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نواز شریف کی قیادت میں نہ صرف اپنی مدت پوری کریگی بلکہ اپنی کار کرد گی کے بنیاد پر اگلی حکومت بھی ن لیگ ہی بنائے گی اور نواز شریف ہی ہمارے اگلے وزیر اعظم بھی ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے معاملے پر جاپان کے ساتھ کوئی اختلا فا ت نہیں، جاپانی نائب وزیر اعظم تارو آسو سے بہت اچھی ملاقات رہی۔علاوہ ازیں اے پی پی کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کے بورڈ آف گورنرز کے سالانہ اجلاس کے موقع پر اتوار کو دوسرے بزنس سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح نمو 5فیصد سے زائد رہنے کی توقع ہے جبکہ افراط زر کی شرح سنگل ڈیجیٹ میں تقریبا 4؍ فیصد رہے گی جو گزشتہ 47برسوں کے دوران سب سے کم ترین سطح ہے۔ ٹیکس محصولات میں اضافہ کے حوالے سے موثر حکمت عملی کے تحت ٹیکس وصولیوں کی شرح میں گذشتہ تین سالوں کے دوران 20فیصد سالانہ کی شرح نمو سے مجموعی طور پر60فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔دریں اثنا جاپان کے دورے پر موجود وفاقی وزیر خزانہ اور ن لیگ اوورسیز کے صدر اسحاق ڈار سے ٹوکیو میں ن لیگ اوورسیز کے جنرل سیکرٹری شیخ قیصر محمود نے ملاقات کی جس میں ن لیگ جاپان سمیت اوورسیز کے معاملات پر بات چیت ہوئی ، اسحاق ڈار نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم لیگی کارکنان اور تمام اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ اوورسیز پاکستانی بھی پاکستان کی معاشی ترقی میں حصہ ڈالیں۔ اسحاق ڈار نے ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کی پارٹی کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے جانثار کارکن ہی پارٹی کا اثاثہ ہیں تاہم اس وقت میاں نواز شریف پاکستان اور پاکستان سے باہر رہنے والے تمام پاکستانیوں کے وزیر اعظم ہیں لہٰذا ہر پاکستانی دل کھول پر پاکستان میں سرمایہ کاری کرے حکومت بھرپور تعاون فراہم کرے گی ۔