کو ئٹہ(آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر حاجی میر محمد اسماعیل لہڑی سینئر رہنماء نوابزادہ امین اللہ رئیسانی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار خادم حسین وردگ صوبائی نائب صدر سردار زین العابدین خلجی صوبائی سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر احمد سیکرٹری کرنٹ افیئر بابر یوسفزئی قلعہ عبداللہ کے صدر نذیر اچکزئی نے افغان فورسز کی جانب سے چمن میں شہریوں پر فائرنگ اور گولہ باری میں زخمی ہونے والے شہریوں کی سی ایم ایچ اور دیگر ہسپتالوں میں جاکر عیادت کی۔اس موقع پر حاجی اسماعیل لہڑی نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے بھارتی اور افغان فورسز نے چمن کے نہتے شہریوں پر گولہ باری اور فائرنگ کر کے بے گناہ شہریوں کو شہید کر کے پاکستان کی سرزمین کو خون سے نہلایا جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فورسز نے بروقت جواب دے کر ملک اور قوم کی حفاظت کو یقینی بنایا جس میں پاکستانی اور چمن کے شہری فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف حملے میں اہلکاروں سمیت شہید ہونے والے شہریوں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔