• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کے گڑھ شہر لاڑکانہ میں مقامی افراد کا شہر کی حالت زار پر افسوس کا اظہار

کراچی (نیوز ڈیسک) پیپلز پارٹی کا گڑھ سمجھے جانے والے لاڑکانہ کے مقامی افراد نے شہر کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ 25؍ لاکھ آبادی کا یہ شہر پیپلز پارٹی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کا آبائی شہر ہے، پیپلز پارٹی کیلئے ہر الیکشن میں اسمبلیوں کی نشستیں حاصل کرنے والا یہ شہر ترقیاتی کاموں سے محروم ہے۔ دو مرتبہ وزیراعظم بننے والی شہید بینظیر بھٹو بھی اسی شہر سے منتخب ہوئی تھیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں معاشی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ بےروزگاری میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے۔ شہر میں جگہ جگہ کچرا، بہتی ہوئی نالیاں، ابلتے ہوئے گٹر اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ہیں۔ کچھ والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول تک نہیں بھیج سکتے۔ کھلی نالیوں اور سڑکوں پر گٹر کے بہتے پانی کے بیچ پھل بیچنے والے ایک شخص صابر حسین بھٹو کا کہنا ہے کہ میں بھٹو کے گائوں کا شہری ہوں لیکن بھٹو خاندان نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا، اس شہر کے پاس غریبوں کو دینے کیلئے کچھ نہیں، سیاست دان ہر سال جھوٹے وعدے کرنے یہاں پہنچ جاتے ہیں۔ ملک بھر میں بجلی اور گیس کا بحران ہے لیکن اس شہر میں بجلی اور گیس نایاب ہے۔ صابر بھٹو نے اپنے جذبات پر قابو پاتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس بجلی اور گیس جیسی بنیادی سہولتیں بھی نہیں، ہم گھروں میں لکڑیاں جلاتے ہیں، تصور کریں کہ یہ 2017کا سال ہے اور ہم اپنی ضروریات پوری کرنے کیلئے حکمران بھٹو خاندان کے شہر میں لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔
تازہ ترین