راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے)پنجاب حکومت نےمتعدد سیکرٹریوں کے تقر روتبادلوں کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔جبکہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن بھی تبدیل ہو گئے ہیں۔چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ بیس کے سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن احمد بلال کو فوری طور پر تبدیل کرکے ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے۔ان کی جگہ گریڈ انیس کے کمشنر راولپنڈی ڈویژن عظمت سعید کو لگایا گیا ہے۔جبکہ کمشنر راولپنڈی کا اضافی چارج ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل کو دیدیا گیا ہے۔گریڈ بیس کےسیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ عبدالقادر شاہین کو تبدیل کرکے سیکرٹری اوقاف اینڈ مذہبی امور لگایا گیا ہے۔پہلے یہ اضافی چارج سیکرٹری زکوۃ و عشر محمد حسن اقبال کے پاس تھا۔سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن گریڈ بیس عنبرین رضا کو تبدیل کرکے ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے ان کی جگہ گریڈ بیس کے خالد محمود کو سپیشل سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کو تبدیل کرکے لگایا گیا ہے۔گریڈ بیس کے سیکرٹری لیبر اینڈ ہیومن ریسورس محمد شعیب اکبر کو فوری طور پر تبدیل کرکے ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ہیلتھ فائونڈیشن گریڈ بیس کی ڈاکٹر فرح مسعود کو تبدیل کرکےسیکرٹری لیبر لگایا گیا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر نصاب بورڈ گریڈ بیس احمد علی کمبوہ کو تبدیل کرکے کمشنر ڈی جی خان لگایا گیا ہے۔پروگرام ڈائریکٹر اللہ بخش ملک گریڈ اکیس کے ٹیچر ٹریننگ پروگرام کوتبدیل کرکے سیکرٹری سکول ڈیپارٹمنٹ لگایا گیا ہے۔