پڈعیدن +محراب پور(نامہ نگاران) گوادر میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے 9مزدوروں کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں صدیق لاکھو میں ادا کی گئی اور انہیں آبائی قبرستان پیر مورند علی شاہ میں سپرد خاک کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گوادر میں دہشت گردوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے نوشہرو فیروز کی تحصیل کنڈیارو کے گاؤں صدیق لاکھو کے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد سمیت نو افراد کی نماز جنازہ و تدفین آہوں سسکیوں کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان پیر مورند علی شاہ میں ادا کر دی گئی۔ نمازجنازہ میں صوبائی وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار، رکن سندھ اسمبلی سید سرفراز شاہ، سابقہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید ظفر علی شاہ ،ایس ایس پی نوشہروفیروز پرویز احمد چانڈیو اور ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز ڈاکٹر وسیم شمشاد سمیت سیکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔