راولپنڈی(صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے این اے55اور56میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مل کرالیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں دو حقیقی اپوزیشن لیڈر ہیں ایک عمران خان اوردوسرا شیخ رشید۔ نوازشریف فوج کوپنجاب پولیس بنانا چاہتے ہیں، سی پیک کے ساتھ ہیں لیکن قطری یا پاناما سموسے نہیں بیچنے دیں گے۔شیخ رشید نے حلقہ این اے 56کی انتخابی مہم کا آغاز یونین کونسل 43ڈھوک کھبہ سے کردیا ہے۔ شیخ رشید کے اعزاز میں عوامی ناشتہ کے پروگرام میں تحریک انصاف کی مقامی قیادت اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں سربراہ عوامی مسلم لیگ نے اپنے مخصوص انداز میں مخالفین کو خوب لتاڑتے ہوئے کہاکہ 120دن پاکستان کی سیاست میں اہم ہیں، پورایقین ہے جے آئی ٹی میں ن لیگ کاجنازہ نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے7آدمی بھارت نے جاسوسی الزام گرفتارکیے مگر ان کو قونصلررسائی نہیں دی۔ سجن جندال ایسے پاکستان آتا ہے جیسے یہ خالہ کا گھر ہے۔اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سی پیک کے ساتھ ہیں لیکن گوادر پورٹ بھی اہم ہے۔