گجرات (نمائندہ جنگ) اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے تینوں تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کی معاونت کیلئے ریونیو آفیسرز کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا، شکایات کے ازالہ کیلئے کی جانیوالے اقدامات کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو ہفتہ وار رپورٹ پیش کی جائیگی، یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس سے ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا، ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ اور ضلعی چیئرمین ایم پی اے چوہدری شبیر احمد نے خطاب کیا ۔اجلاس میں مجموعی طور پر اوورسیز کی 55شکایات زیر غور آئیں جن پر ڈسٹرکٹ پولیس، اسسٹنٹ کمشنرز کی طرف سے کی جانیوالی کاروائی پر کمیٹی کو آگاہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس اوورسیز کی شکایات پر خصوصی توجہ دیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز کی معاونت کیلئے تحصیل گجرات میں ملک طفیل، تحصیل کھاریاں ریونیو آفیسرزمیں محمد افضل اور تحصیل سرائے عالمگیر میں مرزا منیر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ۔ انہوں نے ریونیو آفیسرز کو ہدایت کی کہ حکومتی ہدایات کے مطابق اوورسیز کے کیسز کو 90دن میں نمٹایا جائے اسی طرح اوورسیز کو عدالت عالیہ کیطرف سے مقرر کردہ عدالتوں کے متعلق بھی آگاہ کیا جائے تاکہ وہ اپنے کیسز ان کورٹس میں لیجانے کیلئے درخواست کر سکیں۔