چین اور پاکستان نے گوادر ماسٹر پلان سمیت اربوں ڈالر کے مختلف معاہدوں پر دستخط کر دیئے ہیں ، منصوبوں میں پاکستان اورچینی ریلوے کے مابین ایم ایل ون منصوبے اور اپ گریڈیشن کے ڈیزائن کے کمرشل معاہدے ،گوادر ایسٹ بے کی تعمیر اور گوادر سمارٹ سٹی شامل ہیں ۔
وزیراعظم نوازشریف کے دورہ چین کے موقع پر پیر کو طے پانے والے ایم ایل ون منصوبے کے معاہدےپر پاکستان کی جانب سے سعد رفیق اور چین کے وزیر ٹرانسپورٹ لی ژیا پنگ نے وفود کی قیادت کی جبکہ گوادر سمارٹ سٹی معاہدے پر جی ڈی اے کے چیئرمین ثنا اللہ زہری اور سیکرٹری شہریار نے دستخط کئے۔
گوادر ایسٹ بے 6 رویہ شاہراہ ہوگی جس کے ساتھ ریلوے ٹریک بھی ہوگا، گوادر ایسٹ بے بندر گاہ کے ایک طرف سے شروع ہو کر دوسری جانب سے باہر جائے گی جس کے باعث بندرگاہ پر سامان کی نقل و حمل تیز ہو جائے گی۔
تقریب کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری کا کہنا تھا کہ گوادر ماسٹر پلان، اسمارٹ سٹی اور ایسٹ بے کی تعمیر کے معاہدے ترقی کی بنیاد بنیں گے، نئے معاہدوں سے بلوچستان اور ملک کی ترقی کی نئی راہ متعین ہو گی جبکہ ایسٹ بے کی تعمیر سے بندرگاہ مکمل آپریشن کے لیے تیار ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چینی ماہرین سمارٹ سٹی گوادر کیلئے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں جس سے سرمایہ کاری کی نئی فضا قائم ہوگی جس میں پوری دنیا دلچسپی لے رہی ہے جبکہ دشمن اسی لئے گوادر اور بلوچستان میں امن و امان کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہاہے۔