• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نومبر 2017ء تک ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا ،شاہد خاقان عباسی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر پڑولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ،کے ۔الیکٹرک کو گیس کی فراہمی میں کمی نہیں کی گئی ۔ گیس کی قلت کو پورا کرنے کے لیے ہم ٹھوس اقدامات کررہے ہیں،نومبر 2017 ء تک ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا،آئندہ سال 10 ہزار میگا واٹ مزید بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی، ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پی ایس او کی پہلی جدیدʼʼریٹیل فیسلیٹی شاپ اسٹاپʼʼ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کسٹمرز کو جدید سہولتیں مہیا کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ ایم ڈی پی ایس او کا مشکور ہوں جن کی کاوشوں سے اس منصوبے پر کام شروع ہوچکا ہے ،ملک کے دیگر حصوں میں بھی پی ایس او پمپس پر بہترین سپر اسٹور، اے ٹی ایم مشین اورمعقول سیکورٹی مہیا کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس کی پیداور کو بڑھائے بغیر توانائی کے مسئلہ پر قابو نہیں پایا جاسکتا ،توانائی کے بحران کے حل کے لیے گیس درآمد کر نا ٖضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قلت کو پورا کرنے کے لیے ہم ٹھوس اقدامات کررہے ہیں جس کے کچھ ثمرات سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں اور کچھ آنے والے وقتوں میں سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کسٹمر کو جس مقصد کے لیے گیس درکار ہو خواہ وہ سی این جی اسٹیشن، انڈسڑی یا کسی اور شعبہ میں اسے مہیا کی جائے۔ انہو ں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ایران پر پابندیوں کی وجہ سے ہم چاہیے بھی تو ایران سے گیس نہیں منگوا سکتے اورایران چاہتے ہوئے بھی بیچ نہیں سکتا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ گیس کی قلت کی وجہ سے نہیں، کے الیکٹرک کو آج بھی اتنی گیس مہیا کی جارہی ہے جتنا ماضی میں کی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کسمٹر کی سہولت اور سپلائی چین کو مزید موثربنانے کیلئے ملک کے وسطی علاقے میں ایک نئی آئل ریفائنری قائم کی جائے اس منصوبہ پر چھ ارب ڈالر لاگت آئی گی جس کو پبلک پرائیوٹ پاٹنرشپ کے زریعے شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ2018 ء میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کردی جائے گی اور نومبر 2017 ء سے ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔ انہو ں نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت توانائی کے لانگ ٹرم منصوبوں پر بھی کام کررہی ہے اور مزید 15ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرنا ہماری لانگ ٹرم پالیسی کا حصہ ہے۔
تازہ ترین