سرگودھا(نامہ نگار)یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ اورک کے زیر اہتمام ’’ریسرچ پروڈکٹویٹی ایوارڈ‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں یونیورسٹی کے اساتذہ ومحققین کو خصوصی انعامات اور سرٹیفیکیٹ دئیے گئے جنہوں نے مختلف ریسرچ پروجیکٹس پر کام کیا اور اُن کے پیپر مختلف اکیڈمک جرنلز میں شائع ہوئے۔ اس موقع پر وی سی ڈاکٹر اشتیاق احمد،ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر مسعود سروراعوان اورڈپٹی ڈائریکٹر اورک ڈاکٹرنرگس عباس نےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی کےتمام معاملات بالخصوص تعلیم وتحقیق نہ صرف بہتر ہو رہے ہیں بلکہ یونیورسٹی کی نیک نامی میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے اوروہ دن دور نہیں جب یونیورسٹی آف سرگودھا کا شمار پاکستان کی ٹاپ ٹین جامعات میں ہو گا۔ ہمارے سائنسدانوں اور اساتذہ میں اتنی غیر معمولی صلاحیت موجود ہے کہ وہ وطنِ عزیز کو ہر شعبہ ہائے زندگی بالخصوص سائنسی اور معاشرتی علوم میں آگے لے جائیں۔ محققین دور حاضر کی نزاکت کو سمجھیں اور اپنے آپ کو پاکستان کی ترقی کے لئے وقف کردیں۔ تقریب کا مقصد اساتذہ اور ریسرچرز کے کام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے اور ریسرچ کلچر کو پروان چڑھانا ہے۔تقریب میں 71مختلف ریسرچ پراجیکٹس پر کام کرنے والے اساتذہ کو 60ملین کی رقم جبکہ جن اساتذہ کے مختلف ریسرچ جنرلز میں آرٹیکل شائع ہوئے ہیں اُن اساتذہ کو 6.5ملین کی رقم بطور انعام دی گئی۔