پشاور(نمائندہ خصوصی) آل پاکستان مسلم لیگ خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر اورنگزیب خان مہمند نے پشاور کے ممتاز سیاسی رہنما عبدالوحید خلیل ایڈوکیٹ کی سینکڑوں ساتھیوں سمیت آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی، مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی محاذ آرائی سے ملک بحران سے دو چار ہو چکا ہے جبکہ عوام کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ عوام پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے بے زارہو چکے ہیں۔ انہوں نے پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پرویز مشرف جیسے نڈر باصلاحیت اور بہادر سیاستدان ہی ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔ اورنگزیب خان مہمند نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں پانچ سال تک ملک کو لوٹا گیا اور کرپشن کا ریکارڈ قائم کیا گیا جبکہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے دور میں محاذ آرائی کو فروغ ملا خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی طرف سے تبدیلی لانے اور نیا خیبر پختونخوا بنانے کی بجائے صوبے کو تباہی و بربادی سے دو چار کر دیا گیا جبکہ اداروں کو برباد کر دیا گیا۔