سکھر (بیورو رپورٹ)24گھنٹوں کے دوران سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور ڈاکوؤں میں 5 مبینہ مقابلے ، پانچ ڈاکو ؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں، 7ڈاکو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرا رہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ڈاکوؤں کے کچھ گروہ واردات کی نیت سے مختلف علاقوں میں موجود ہیں جن پرمتعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل پولیس پارٹیاں تشکیل دی گئیں جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے دوران پانچ ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، پولیس کے مطابق تھانہ اے سیکشن کی حدود واریتڑ میں پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلے کے دوران ندیم پٹھان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ تھانہ سائیٹ کی حدود قریشی روڈ پر مقابلے کے بعد مسلح ملزم اسحاق کو زخمی حالت میں جبکہ تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم انعام اللہ کو گرفتار کر لیا اور تھانہ دادلو کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جن کی شناخت نوید اور راشد میرانی کے نام سے ہوئی ہے ، پانچوں مقابلوں کے دوران ڈاکوؤں کے 7ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے ڈاکوؤں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کے کامیاب آپریشن اور مقابلوں میں حصہ لینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ایس ایس پی سکھر کے مطابق ضلع بھر میں امن وامان کی فضا کو بحال رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، امن و امان میں خلل ڈالنے، چوری، ڈکیتی کی وارداتوں ،منشیات، جوا اور فحاشی کے اڈوں کے خاتمے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے گئے ہیں اور پولیس کی مثبت کارروائیوں کے باعث متعدد ڈاکو ہلاک اور گرفتار ہوئے ہیں جس کے باعث سکھر ضلع میں مکمل طور پر امن وامان کی فضا بحال ہے جسے ہر صورت میں بحال رکھا جائے گا۔ جو پولیس افسران اور اہلکار احسن انداز میں اپنے فرائض ادا کریں گے اور جرائم کی سرکوبی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے ان کی ہرممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی ، غفلت اور کوتاہی برتنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔