گوجرانوالا میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو ڈاکو مارے گئے، پولیس کاکہنا ہے ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے جبکہ قصور میں مبینہ پولیس مقابلے میں زیر حراست ملزم ہلاک ہوگیا ۔
پولیس ترجمان کے مطابق گوجرانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلہ تھانہ اروپ کےعلاقے اعوان چوک کے قریب ہوا،ہلاک ملزمان نعیم اور شہباز کو اسلحہ کی برآمدگی کےلیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں ان کےساتھیوں نے پولیس وین پر فائرنگ کر دی، جس سے دونوں مارے گئے ۔
پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے ،ہلاک ملزمان تین بینک ڈکیتیوں سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ دونوں کو سی آئی اے پولیس نے 11 مئی کو گرفتار کیا تھا ۔
قصورپولیس کے مقابلہ کے بارے میں ڈی پی او قصور کا کہنا ہے کہ ملزم رفعت بابا کو اس کےساتھیوں نے چھڑانے کی کوشش کی اور وہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں مارا گیا۔
پولیس کےمطابق ملزم ایک صحافی کے قتل سمیت 14مقدمات میں ملوث تھا۔ملزم رفعت کی بہن کا کہنا ہے کہ اس کا بھائی بے قصور تھا، اسےقتل کے واقعے سے ایک روزقبل گرفتار کیا گیا تھا۔