پڈعیدن (نامہ نگار ) وزیر اعلیٰ سندھ کی مشیر برائے سوشل ویلفیئر شمیم ممتاز ایک روزہ دورے پر نوشہروفیروز پہنچیں۔ صوبائی مشیر گوادر میں شہید ہونے والے مزدوروں کے لواحقین سے تعزیت کے لئے کنڈیارو گئیں اور شہدا کے ورثا سے تعزیت کی۔اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی مشیر نے کہا کہ گوادر واقعے پر مجھے اور سندھ حکومت کو دلی طورپر افسوس ہوا ہے ہم اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔سندھ حکومت شہداء کے ورثاء کو فی کس 10 لاکھ روپے امداد اور ایک ایک نوکری دے گی جبکہ اس گائوں کے مکینوں کے اصرار پر اس گائوں کو روڈ اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے اس گائوں میں سلائی کڑھائی کا ایک سینٹر بھی قائم کیا جائے گا تاکہ اس گائوں کی غریب بچیاں ہنر سیکھ کر اپنی اور ملک کی ترقی میں شامل ہو سکیں۔