راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی کی ماڈل کورٹس نے قتل کے تین مقدمات سمیت 62کیسوں کا فیصلہ سناتے ہوئے دیگر مقدمات میں 104شہادتیں بھی قلمبند کرلیں جبکہ بچوں کی حوالگی کیلئے دائر کی جانے والی دو درخواستوں پر چھ بچے بھی ان کے مائوں کے سپرد کر دیئے گئے، پیر کے روز سیشن کورٹس نے قتل اور منشیات کے اٹھارہ مقدمات کا فیصلہ سناکر دیگر مقدمات میں 76شہادتیں قملبند کیں جبکہ سول کورٹس نے 30دیوانی مقدمات کو نمٹاتے ہوئے 28گواہوں کے بیان ریکارڈ کئے اسی طرح نظرثانی کی چودہ اپیلوں پر بھی فیصلہ سنایا گیا، دریں اثنا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی سہیل ناصر کی عدالت میں بچوں کی حوالگی کیلئے دو درخواستیں دائر کی گئی تھیں ایک درخواست میں خاتون کا موقف تھا کہ سسرال والوں نے گھر سے نکال کر میرے چار کمسن بچوں کو زبردستی اپنے پاس رکھا ہوا جبکہ دوسری درخواست میں مدعیہ کا کہنا تھا کہ سسرال والوں نے میرے دو بچے زبردستی چھین رکھے ہیں عدالت نے دونوں درخواستوں پر پولیس کو حکم دیکر بچے طلب کئے اور ان کی مائوں کے سپرد کر دیئے۔