گجرات (نمائندہ جنگ) وزیر اعلیٰ پنجاب کے خصوصی پروگرا م کے تحت ضلع میں 41ہزار کسانوں کی ای رجسٹریشن، ساڑھے 7سو کسانوں کی بلا سود قرضو ں کیلئے رجسٹریشن کر لی گئی، زمین اور پانی کے18070نمونوں کے تجزیے کیلئے لیبارٹری بھجوادیئے گئے جنکے نتائج کے روشنی میں زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے کسانوں کوزرعی ماہرین راہنمائی فراہم کریں گے، یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا کے زیر صدارت زرعی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئیں۔ اجلاس کو بتایا کہ گیا کہ رواں سال گندم کی کاشت کے رقبہ اور پیداوار دونوں میں اضافہ ہوا ہے،کسانوں کو 7273کلو گرام گندم کی جدید اقسام کا بیچ بلا معاوضہ فراہم کیا گیا۔ ضلع میں کھالے پختہ کرنے، ڈرپ سسٹم سمیت آبپاشی کے جدید طریقہ ہائے کار کے حوالے سے تمام اہداف کامیابی سے حاصل کئے گئے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام مویشیوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں، اسی پروگرا م کے تحت 9سو مرد و خواتین کو28دن کی تربیت دی گئی ہے، کٹٹرے پالنے، گھروں میں مرغیاں، بطخیں پالنے کے رجحان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔