سرگودھا(نمائندہ جنگ) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر محسن شاہ نواز رانجھا نےچک نمبر37شمالی میں سوئی گیس فراہمی منصوبہ کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2017ءانتخابی وعدوں کی تکمیل کا سال ہےاور 2018ءتک تمام میگا پراجیکٹس مکمل کرلئے جائیں گے۔ این اے 65میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ ڈیڑھ ارب کی گرانٹ سے حلقہ کے 100سے زائد چکوک کو سوئی گیس کی فراہمی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ حلقہ کو ماڈل اور مثالی بناکر دم لیں گے اور عوام کے لئے ہمارے دروازے دن رات کھلے ہیں۔ انہوں نےکہاکہ عمران خان کرپٹ لوگوں کو ساتھ لے کر کونسی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے دھتکارے ہوئے لوٹوں کو تحریک انصاف میں شامل کرکے عمران خان نے پارٹی کے مخلص ورکرز کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ تمام تر سازشوں کے باوجود وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کو ایشین ٹائیگربنانے کی منزل کی جانب گامزن ہیں۔ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو عملی جامعہ پہنا کر اُن کا معیار زندگی بلند کررہی ہے۔اس موقع پر ملک غلام قدیر اعوان، چوہدری شاہ زیر شفیع وڑائچ، ملک رب نواز چھینہ، ملک نواز برہان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔