• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ:حکومت آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ڈکٹیشن پر چلتی ہے،سراج الحق

ا سلام آباد (نمائندہ جنگ) امیر جماعتِ اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت حالیہ بجٹ کو کاغذات کا  پلندہ نہ بنائے ۔آج بھی عام آدمی مہنگائی، بیروزگاری جیسے سنگین مسائل کا شکارہے۔ بجٹ سازی میں حکومت صرف آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ڈکٹیشن پر چلتی ہےناقص حکومتی منصوبہ بندی کی وجہ سے عوام کو براہ راست کوئی فائدہ نہیں ہوتا،حکومت سارا بوجھ عوام پر ڈال کر مراعات یافتہ طبقے کو ریلیف دینے کی پالیسی پر گامزن ہے۔40فیصد سے زائد عوام خط غربت سے بھی نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، سراج الحق نے کہا کہ حکومت 26 مئی کو اپنا پانچواں اور آخری بجٹ پیش کررہی ہے۔ جس میں اطلاعات کے مطابق   عوام پر ٹیکسوں کا مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری کی گئی ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاءپر ریگولیٹری ڈیوٹی میں اضافے کیوجہ سے انکی خریداری عوام کے بس سے باہر ہوجائے گی۔ موجودہ بجٹ میں حکومت نے 51 ارب کے اضافی ٹیکس لگانے کا فیصلہ کرلیا ہےجبکہ مجموعی طور پر 187 ارب روپے کا اضافی ریونیو اکٹھا کیا جائے گا۔  معاشی ماہرین نے بھی مہنگائی میں اضافے اور محصولات میں کمی کا ذمہ دار حکومت کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سارا بوجھ عوام پر ڈال کر مراعات یافتہ طبقے کو ریلیف دینے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی، یہاں اضافہ کردیاجاتا ہے۔ حکومت بتائے اُس نے نوجوانوں کو روز گار اور کسانوں کو ریلیف دینے کے حوالے سے کیا منصوبہ بندی کی ہے۔
تازہ ترین