ملتان(سٹاف رپورٹر)انڈر گرائونڈ واٹر سپلائی لائن لیک ہونے سے ملتان آرٹس کونسل کا ہال پانی سے بھر گیا،نیا کارپٹ اور وڈن وال پینل خراب ہوگئے ،پمپ لگا کر پانی نکالا گیا،9ماہ قبل ایم ڈی اے نے ڈیڑھ کروڑروپے کی لاگت سے ملتان آرٹس کونسل کی تزئین و آرائش کا کام مکمل کیاجس میں ہال کی سیٹوں کی پوشش،کارپٹ ،وال پینلنگ، تمام باتھ رومز کی فٹنگ اور سینٹری ورک ،رنگ وروغن اور دیگر کام شامل تھے۔آرٹس کونسل ملازمین نے پمپ لگا کر پانی باہر نکالا،تاہم ابھی تک مرمت کاکام شروع نہیں کیا گیا۔ملتان آرٹس کونسل کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر فواد رفیق نے ہال میں پانی بھرنے کے بارے میں بتایا کہ ایم ڈی اے کی طرف سے کئے گئے تزئین وآرائش کے کام میں کافی نقائص ہیں جس کی رپورٹ پنجاب آرٹس کونسل کو بھجوا دی تھی ۔بلڈنگ ٹیک اوور کرنے تک کام کی تمام ترذمہ داری ایم ڈی اے پر ہے۔