لاہور (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج سے حکمرانوں کے دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے، حکومت نے کہا تھا کہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی اورلوڈ شیڈنگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواکے ساتھ وفاقی حکومت کا رویہ ناقابل برداشت ہے۔ خیبر پختونخوا کے بہت سے علاقے بجلی سے ابھی تک محروم ہیں اور جن شہروں میں بجلی موجود ہے وہاں بھی کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے والا صوبہ ہے جبکہ بجلی کے منافع میں وفاق اسکا پورا حصہ نہیں دے رہااور سب سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کا شکار بھی خیبر پختونخوا کے عوام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور کے پی کے عوام وفاقی حکومت کے رویے سے احساس محرومی اور کمتری کا شکار ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ تمام وسائل پر وفاق اورپنجاب نے قبضہ کر رکھا ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ساہیوال کو ل پاور ، نندی پور اور بھکھی پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار شروع ہونے کے بعد بھی حکومت شارٹ فال پورا نہیں کرسکی۔ حالانکہ ان پاور پلانٹس کی تنصیب کے وقت بڑے بلندو بانگ دعوے کیے جارہے تھے کہ اب ہم ہندوستان کو بھی بجلی دیں گے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ احتجاج کوپرامن رکھیں اور توڑ پھوڑ او رجلائو گھیرائوپر اکسانے والوں کے بہکاوے میں نہ آئیں تاکہ قومی املاک کو نقصان سے بچایا جاسکے۔