• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الکیمی فیسٹیول میں جلیبی کے ساتھ اردو شاعری کی مٹھاس

لندن( مرتضیٰ علی شاہ) سیکڑوں افراد جلیبی کے ساتھ اردو شاعری کی مٹھاس سے الکیمی فیسٹیول میں لطف اندوز ہوئے، اس منفرد پروجیکٹ کا اہتمام پاکستانی آرٹسٹ اور ایکٹیوسٹ علی رز اور ساکس آفریدی نے کیا اور اسے Urdupoeatryکا نام دیا، اس کا مقصد اردو زبان میں لوگوں کی دوبارہ دلچسپی پیدا کرنا تھا، اس فیسٹیول میں سیکڑوں افراد نے قطار بناکر جلیبیاں کھائیں اور امیر خسرو کے بارے میں معلومات حاصل کیں جن کو اردو شاعری کا فاونڈر کہا جاتا ہے اور یہ لفظ ان کی شاعری سے لیا گیا ہے اس فیسٹیول میں جو سائوتھ بینک سینٹر میں منعقد کیا گیا علی رند اور ساکس آفریدی کے ساتھ ان کے دوست اور والنٹیرز نے بھرپور حصہ لیا، جلیبیاں بٹر پیپر پر لوگوں کی خدمت میں پیش کی گئیں جس پر شعر خوبصورت اردو کیلی گرافی میں لکھا ہوا تھا ۔ علی رز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلیبی پاکستان کی زبردست مٹھائی ہے جس سے انکار نہیں کیاجا سکتا انہوں نے کہا کہ اس پورے تصور کا مقصد لوگوں کو اس بارے میں آگاہ کرنا تھا کہ اردو شاعری کس قدر مٹھاس رکھتی ہے لیکن بدقسمتی سے آہستہ آہستہ خود اپنے لوگ اسے چھوڑ رہے ہیں۔ اب پاکستانی خود اپنی اس زبان کو چھوڑ رہے ہیں جو اس قوم کا فخر اور شناخت تھی، انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل زبان سے آگاہ ہے لیکن وہ اردو میں دلچسپی نہیں رکھتی اور اردو کی شاعری نے ماضی میں نام کمایا ہے۔ انہوں نےکہا کہ ہمارا یہ پروجیکٹ انتہائی شاندار رہا۔ ہماری جلیبیاں کھانے کے لئے ہر عمر کے لوگ سٹال پر آتے تھے جن میں بچے نوجوان بوڑھے سب شامل تھے، مختلف لوگوں نے مختلف ردعمل ظاہر کیا کچھ حیرت زدہ تھے کچھ تجسس میں تھے اور کچھ لطف اندوز ہوئے، ساکس آفریدی نے کہا کہ امیر خسرو کی شاعری زبردست مٹھاس رکھتی ہے اور یہ پروجیکٹ ان کے الفاظ کو شاندار خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین اور موزوں ذریعہ تھا۔ اس تصور سے اردو زبان میں لوگ دوبارہ دلچسپی لینا شروع کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہم نیو یارک اور دبئی میں بھی ان ایونٹس کا انعقاد کریں گے تاکہ دیار غیر میںپاکستانیوں کو اس جانب راغب کر سکیں۔ ہم پاکستان میں بھی اس کا انعقاد کریں گے ۔ ہم چاہتے تھے کہ ہم کراچی لٹریچر فیسٹیول اس کو لانچ کرکے آغاز کریں پھر اسے نیویارک دبئی اور پاکستان بھرمیں لے جائیں۔
تازہ ترین