اسلام آباد(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت کی طرف سے جے آئی ٹی اور اعلیٰ عدلیہ کو دھمکیاں ناقابل برداشت ہیں، قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے، عدلیہ کو دھمکا کر من پسند فیصلے لینے کی حکومتی خواہش پوری نہیں ہوگی، حکمران پانا ما اسکینڈل کے فیصلے کو متنازع بنانے کی کوشش میں ہیں، نہال ہاشمی کے الفاظ اپنے نہیں تھے انہیں جے آئی ٹی کو دھمکیاں دینے پر قوم سے معافی مانگنا ہوگی ۔ پانامہ کیس پر حکومتی رویہ شروع دن سے ہی جارحانہ رہاہے ۔پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کے مشترکہ ٹی او آرز کو قبول نہیں کیا اور من پسند کمیشن بنانے کا اعلان کردیا جس پر اپوزیشن نے عدالت عظمیٰ کا دروازہ کھٹکھٹایا مگر اب حکومت عدالت کو بھی دھمکیاں دینے پر اتر آئی ہے ۔ حکمرانوں کے رویہ سے ثابت ہوتاہے کہ وہ پانا ما سکینڈل کے فیصلے کو متنازعہ بنانے کی کوشش میں ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت کا وطیرہ رہاہے کہ اس نے اپنے خلاف آنے والے فیصلوں کو کبھی تسلیم نہیں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عدالت کو دبانے کی کوش نہ کرے پوری قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔