ملتان (سٹاف رپورٹر) میئر ملتان چوہدری نوید الحق آرائیں کے سامنے یونین کونسلوں کے وائس چیئرمینوں نے ایم ڈی واسا کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے ، مسائل حل نہ کرنے پر میئر کا ایم ڈی واسا پرشدید برہمی کا اظہار ،وزیراعلی پنجاب کو ایم ڈی واسا کے خلاف رپورٹ بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔ گذشتہ روز میئر ملتان چوہدری نوید الحق نے یونین کونسلوں کے چیئرمینوں سے کی گئی ملاقات میں کہا کہ شہری واسا کی بے حسی کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہیں اور واسا انتظامیہ مسائل حل کرنے کی بجائے مسائل بڑھا رہی ہے۔ اس موقع پر یوسی چیئرمینوں خواجہ سلیمان صدیقی، صدیق انصاری ، صدیق رلیا سمیت دیگر نے میئر ملتان کو بتایا کہ خونی برج سے دہلی گیٹ چوک تک نالے اور کڑی جمنداں میں واٹر سپلائی کی لائنوں کو مرمت کرکے فعال کرنے کے لئے ایم ڈی واسا کو بار بار درخواستیں دیں لیکن ایم ڈی واسا نے انکار کر دیا اور کہا ہے کہ اس کا یہ کام نہیں کہ وہ نالوں کی صفائی کرائیں اسی طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار واٹر سپلائی کی مرمت کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے شہری سیوریج ملا زہریلا پانی پینے پر مجبور ہیں اور ایم ڈی واسا کہتا ہے کہ اس کے پاس فنڈز نہیں جس پر میئر ملتان نے ایم ڈی واسا کے خلاف وزیراعلی ٰکو رپورٹ بھیجنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔