ااسلام آباد(نمائندہ جنگ، صباح نیوز) وزیراعظم نواز شریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز پاناما پیپر کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم(جے آئی ٹی) کے سامنے ہفتہ کو چوتھی مرتبہ پیش ہوئے۔جہاں چار گھنٹے سے زیادہ ان سے سوال جواب کا سلسلہ جاری رہا۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا حسین نواز نےکہاکہ چاہتے ہیں خوش اسلوبی سے مرحلہ طے ہوجائے۔ہم پر بے جا الزامات تو لگائے گئے ، کوئی ثبوت ہوتا تو مشرف دور میں سامنے آجاتا،جو لوگ کہتے تھے کہ ہم بھاگ جائیں گے وہ اب شرمندہ ہیں۔ حسین نواز کی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے موقع پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن)کے رہنما بھی موجود تھے۔اس موقع پر کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور حسین نواز نے ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نواز شریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے بہت سارے افراد کو طلب کیا ہے، جبکہ دستاویزی ثبوت جے آئی ٹی میں پیش کیے ہیں، جے آئی ٹی جتنی بار طلب کرے گی اتنے بار پیش ہوں گے، بہت جلد سچ سپریم کورٹ کے سامنے آ جائے گا۔چوتھی بار جے آئی ٹی میں پیش ہو کر آیا ہوں ان کے ہر سوالات کا جواب دیا اگر دوبارہ بلائیں گے تو ضرور جائیں گے ہمارا مقصد یہی ہے کہ یہ مرحلہ خوش اسلوبی سے طے ہو جائیں میں نے اور میرے خاندان نے متعدد بار احتساب کا سامنا کیا ہے۔جب تک سپریم کورٹ اور عوام کے سامنے سچ نہیں آ جاتا ہم احتساب کاسامنا کرتے رہیں گے۔