گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)کمشنر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) محمد آصف نے کہا ہے کہ رمضان بازار مہنگائی کا توڑ ثابت ہو رہے ہیں اور وزیراعلی رمضان پیکیج کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ رہے ہیں۔ رمضان بازاروں میں آٹا‘ چینی‘ پھل و سبزیاں اوردیگر اشیائے ضروریہ رعایتی نرخوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فتو منڈ رمضان بازار کے اچانک معائنہ کے دوران کیا۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد آصف نے رمضان بازار میں قائم مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا اور اشیاء کی کوالٹی اور قیمتوں کو چیک کیا ۔ کمشنر نے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے ان سے اشیاء کی کوالٹی اور فراہمی کے متعلق دریافت کیا۔ کمشنر نے رمضان بازار انتظامیہ کو ہدایت کی کہ غیر معیاری پھل و سبزیوں کے سٹال ہر گز نہ لگائے جائیں نیز چینی کی مقدار کو بھی بڑھایا جائے تاکہ تمام صارفین چینی خرید سکیں۔