• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں، اب 97ء جیسے حالات نہیں، شیخ رشید

لاہور(نمائندہ جنگ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کو ایک سازش کے تحت متنازع بنایا جا رہا ہے اور جے آئی ٹی پر سپریم کورٹ کی طرز پر حملے کا خطرہ ہے، نہال ہاشمی کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست سے ثابت ہوگیا ہے کہ نہال ہاشمی کی تقریر اور تصویر لیکس ایک سازش اور سوچا سمجھا منصوبہ ہے، نہال ہاشمی فلم کے ڈائریکٹر نواز شریف ہیں گزشتہ روز لاہور میں افطار ڈنر پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کسی قیمت پر حکمرانی چھوڑنے کو تیار نہیں وہ کسی حادثے کے انتظار میں ہیں وہ سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں مگر اب 1997ء جیسے حالات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی جیسے لوگ حکمرانوں کی ضرورت ہوتے ہیں ان جیسے بزنس مین  نواز شریف اپنی جیب میں رکھتے ہیں،  نہال ہاشمی نے اعلیٰ عدلیہ کے معزز ججوں، آئینی اور جمہوری اداروں کے خلاف جو زہر اگلا وہ سب کچھ نواز شریف کی ہدایت پر کیا۔ شیخ رشید  نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر عدالت میں جان بوجھ کر بھارتی دہشت گرد کلبھوشن کا کیس کمزور طریقے سے لڑا گیا، سجن جندال کو مخصوص ایجنڈےکے لئے بلایا گیا، وزیراعظم نواز شریف  نے عہد کر رکھا ہے کہ قومی مفادات کو پس پشت ڈال کر اپنا الو سیدھا رکھو، اب عالمی عدالت میں ہم دبائو میں آ کر کیس لڑیں گے۔

تازہ ترین