جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان مالی ، اخلاقی اور نظریاتی کرپشن سے بھی دوچار ہے ، ہمیں مل کر اپنے گھر پاکستان کی حفاظت کرنی ہے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 70برس گزرنے کے باوجود ہم توانائی، صحت اور بیروزگاری کے مسائل حل نہیں کر سکے ۔
انہوں نے کہا کہ غربت اور خوف میں ملک یا قوم ترقی نہیں کر سکتی،پاکستان ایٹمی طاقت ہے یہاں خوشحالی ہے لیکن خوف کے سائے ہیں، خوشحال بستی میں اللہ سے بیوفائی ہوتو خوف اور بھوک کے ڈیرے ہوتے ہیں ، پاکستان شاید دنیا کا وہ ملک ہے جہاں سب سے زیادہ پانی ضائع ہوتا ہے،یہ ملک اس وقت بیروزگاری کا گڑھ بن چکا ہے ۔
سراج الحق نے کہا کہ بدقسمتی سے تعلیم یافتہ مگر بیروز گار نوجوان جرائم کی طرف مائل ہو رہے ہیں، حرکت اور اخلاص میں برکت ہے لیکن ہمارے سسٹم میں خرابی ہے،70 برس گزرنے کے باوجود ہم توانائی ، صحت ، بیروزگاری کے مسائل ٹھیک نہیں کر سکے ، ہمیں مل کر اپنے گھر پاکستان کی حفاظت کرنی ہے ، ملکی مسائل کا حل پاکستان کو اسلامی پاکستان بنانے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں پنجابی، سندھی، پٹھان اور بلوچ کی تفریق سے باہر نکلنا ہو گا ،پاکستان معیشت اور جمہوریت کیلئے نہیں ایک نظریئے کے تحت بنا،ملک کو لاحق بیماریوں میں حکمران طبقہ بھی شامل ہے ، آف شور اور بینکوں کے قرضے معاف کرانیوالوں میں اشرافیہ ملوث ہے، قرضے معاف کرانیوالوں میں عام آدمی ملوث نہیں بلکہ حاضر و ریٹائر بیوروکریسی اور سیاستدان شامل ہیں ۔