سرگودھا(نامہ نگار)ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب الطاف ایزد خان نےڈپٹی کمشنر لیاقت چٹھہ کے ہمراہ استقلال آباد ، پرانی پٹھہ منڈی سلانوالی روڈ اور کمپنی باغ رمضان بازار کادورہ کیا اور سٹالز پر جا کر اشیائے ضرورت کی کوالٹی اور نرخوں کا جائزہ لیا ۔نہوں نے آٹے ،چینی،دالوں ،کھجوروں اور کیلے سمیت دیگر اشیاء کی کوالٹی کا بغور جائزہ لیا اور آٹے کے تھیلوں کے وزن کے علاوہ ان میں نمی کا تناسب بھی چیک کیا۔ الطاف ایزد خان نے مارکیٹ کمیٹی کو کیلے سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں کوالٹی کے مطابق مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہےتاکہ روزہ داروں کیلئے آسانی پید اہو ۔حکومت پنجاب روزہ داروں کو بھر پور ریلیف مہیا کرنے کیلئے سستے نرخوں پر معیاری اشیائے ضرورت فراہم کرنے کیلئے غیر معمولی اقدامات کررہی ہے۔ متعلقہ سرکاری ادارے اربوں روپے کی سبسڈی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کیلئے رمضان بازاروں میں سخت مانیٹرنگ کے ذریعے چیک اینڈ بیلنس برقرار رکھیں ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے صبح سویرے سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا اور آڑو ،کھجو ر اور کیلئے وغیرہ کی نیلامی کا جائزہ لیتے ہوئے آڑھتیوں پر زور دیا کہ وہ مڈل مین کی بجائے براہ راست صارفین کے ریلیف کیلئے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں ۔ انہوں نے چھابڑی فروشوں کو ریٹ لسٹ واضح طور پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی پی او سہیل احمد چوہدری نے بھی رمضان بازار کا دورہ کرتے ہوئے اشیائے ضرورت کی قیمتوں اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر محمد سعید لغاری ،جی اے آر وقار اکبر چیمہ ،ویٹرنری ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ،تحصیلدار رانا غلام مصطفی ،ملک محمد اشرف اور راجہ لیاقت علی کے علاوہ مارکیٹ کمیٹی انسپکٹر اشتیاق سندھو اوردیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔