• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، شہری علاقوں میں 14 اور دیہی میں 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری،وزیراعظم کے احکامات نظرانداز

سکھر + کو ٹر ی + قبو سعید(بیورو رپورٹ/نامہ نگاران) سیپکو انتظامیہ کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ وزیر اعظم کے واضح احکامات بھی سیپکو افسران نے یکسر نظر انداز کردیئے۔ سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی لوڈشیڈنگ سے شہریوں بالخصوص روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ شہر کے اہم ترین تجارتی مراکز اور گنجان آبادی والے علاقوں گھنٹہ گھر چوک، مہران مرکز، صرافہ بازار، شاہی بازار، مشن روڈ، نیم کی چاڑی، پرانا سکھر، شالیمار، وسپور محلہ، بکھر چوک، رائل روڈ، سلیم کالونی ریجنٹ، والس روڈ، کوئنس روڈ، بندھانی محلہ، نواں گوٹھ، نیوپنڈ، بھوسہ لائن، درزی محلہ، مائکرو کالونی، باغ حیات علی شاہ، ڈھک روڈ، میانی روڈ ودیگر شہری علاقوں میں 12سے 14گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 18سے 20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث نظام زندگی پر بھی انتہائی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔سیاسی، سماجی، عوامی حلقوں نے وزیر اعظم، وفاقی وزیر پانی و بجلی و دیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بندش کا نوٹس لیکر سیپکو کے کرپٹ افسران و اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔کوٹری سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور مضافاتی علاقوں میں حیسکو کی جانب سے بجلی کی گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شہری سٹرکوں پر نکل آئے اور انہوں نے کوٹری پل کے دونوں اطراف کی سڑکیں بلاک کردیں جس سے سیکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور ٹریفک جام ہوگیا ۔اس دوران مشتعل افراد نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیتے ہوئے کراچی ایکسپریس کو تین گھنٹے تک روکے رکھا ۔احتجاجی مظاہرین کی جانب سے تین گھنٹے سے زائد کوٹری پل پر ٹریفک کو جام رکھنے کے نتیجے میں گاڑیوں میں موجود سیکڑوں افرادکی شدید گرمی میں حالت غیر ہوگئی جبکہ متعدد روزہ دار گاڑیوں میں بے ہوش ہوگئے ۔احتجاجی مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے جوکہ حیسکو افسران کے خلاف شدید نعرے لگا رہے تھے۔ 4گھنٹے تک جاری رہنے والے احتجاج کو ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ختم کرایا اور مشتعل مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ حیسکو کے متعلقہ افسران کو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم رکھنے پر آمادہ کریں گے۔ قبو سعیدخان سے نامہ نگار کے مطابق  رمضان المبارک کے مہینے میں بھی  غیراعلانیہ لوڈ شیڈ نگ ختم نہ ہو سکی۔ گیس پریشر میں کمی اور غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہریوں اور روزہ داروں کو شدید پریشانی کا سامناہے جبکہ زائد بل بھی بھیجے جارہے ہےں۔رمضان المبارک میں سحری اور افطاری کے اوقات میں بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث شہریوں اور خاص طور پر روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں شہریوں سجاد سومرواور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ عام دنوں میں تو گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی معمول کا حصہ تھی لیکن افسوس کی بات ہے کہ رمضان کے اس مبارک مہینے میں بھی شہدادکوٹ سوئی گیس انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی کی جارہی ہے جو انتہائی افسوس کی بات ہے۔

تازہ ترین