• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیخ رشید 22لاکھ کے مقروض، قرض خواہ نے پارلیمنٹ کے باہر پکڑلیا

Todays Print

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید 22؍ لاکھ روپے کے مقروض نکلے اور قرض خواہ مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے اجلاس سےباہر آنے والے شیخ رشید کو پارلیمنٹ کے باہر پکڑلیا اور الزام عائد کیا کہ شیخ رشید نے 1998ء میں مجھ سے گاڑی خریدی لیکن گاڑی کے 22؍ لاکھ روپے ادا نہیں کیے، شیخ رشید نے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واپس ایوان میں گئے اور معاملہ اُٹھایا جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ہدایت پر ملک نور اعوان کو تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ شیخ رشید سے ملاقات میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر ملک نور اعوان نے شیخ رشید کو روک کر بائیس لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کلمہ پڑھ کرکہتا ہوںکہ شیخ رشید نے میرے بائیس لاکھ روپے دینے ہیں، شیخ شید میرے ساتھ مسجد میں چل کر قسم دیںکہ میرے پیسے جلد ادا کر دیں گے، ملک نور اعوان مسلم لیگ جاپان کے صدر ہیں اور گاڑیوں کے کاروبار سے وابستہ ہیں،ملک نور اعوان کی طرف سے بار بار رقم واپسی کامطالبہ کرنے کے بعد شیخ رشید نے کہا کہ میں اسپیکر کو جا کر شکایت کروں گا جس کے بعد وہ ہاتھ چھڑاکر پارلیمنٹ کے اندر چلے گئے ۔ شیخ رشید نے ایوان کے اندر وزیرداخلہ چوہدری نثار سے ملاقات کی اورواقعہ کی تفصیلات بتائیں۔ وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ اسپیکرکی ہدایات کی روشنی میں اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ جس کے بعد ملک نور اعوان کو سیکرٹریٹ پولیس نے حراست میں لے لیا، پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ ایک شخص رقم وصول کرنے اسمبلی کے باہر آگیا ،یہ مسلم لیگ (ن )کا گلو بٹ ہے ، مجھے نقصان پہنچا تو نوازشریف اورشہباز شریف ذمے دار ہوں گے۔یہ لوگ میری سچائی اور عمران خان سے اتحاد سے خوفزدہ ہیں ،یہ سب ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ جبکہ ملک نور اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے مجھ سے گاڑی خریدی لیکن گاڑی کے 22؍ لاکھ روپے ادا نہیں کیے، شیخ رشید میرے ساتھ مسجد میں چل کر قسم دیں کہ میرے پیسے جلد ادا کر دیں گے۔ نمائندہ جنگ کے مطابق شیخ رشید اپنے خطاب کے بعد ایوان سے جانے کے بعد دوبارہ اسمبلی ہال میں واپس آگئے اور صدر نیشن محمود بشیر ورک سے کہا کہ میں پارلیمنٹ ہائوس سے جانے لگا تو ایک شخص نے مجھ پر حملہ کردیا اور الزام لگایا کہ آپ نے میرے پیسے دینے ہیں۔ میری رقم واپس کریں۔ وہاں پولیس اور سکیورٹی بھی موجود ہے، میں پہلے ہی کہہ رہا تھا کہ پارلیمنٹ کی سکیورٹی بہتر بنائی جائے ان کے پاس بیٹھے آفتاب شیرپائو اور دیگر ممبران نے کہا کہ یہ زیادتی ہے اس کا نوٹس لیا جائے۔ محمود بشیر ورک نے سارجنٹ ایکٹ آرمز کو طلب کرکے حکم دیا کہ جس شخص نے حملہ کیا ہے اسے گرفتار کیا جائے، اسے پارلیمنٹ ہائوس سے باہر نہ جانے دیا جائے اور رپورٹ پیش کی جائے۔ ادھر شیخ رشید کو پارلیمنٹ ہائوس کے احاطہ واقع داخلی گیٹ نمبر ایک پر روک کر گریباں پکڑنے کے الزام میں ملوث ملک نور اعوان کیخلاف سیکرٹریٹ پولیس نے زیر دفعہ506؍ ت پ اور25؍ ڈی ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔ اسپیکر کے نوٹس میں اس واقعہ کی اطلاع دی جس پر وزیر داخلہ نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی ، شیخ رشید کے مطابق پچھلے کئی روز سے انہیں ٹیلی فون پر دھمکیاں دی جارہی تھیں۔دوسری جانب ٹوکیو سے عرفان صدیقی کے مطابق مسلم لیگ ن جاپان کے صدرملک نور اعوان کا شیخ رشید احمد کے ساتھ رقم کے تنازع پر جھگڑے کی اصل وجہ 1998ء میں جب شیخ رشید، نواز شریف حکومت میں وزیر تھے تب ان کے دورہ جاپان کے موقع پر پارٹی کارکنوں کی جانب سے دیئے گئے لاکھوں روپے کے تحائف کے علاوہ شیخ رشید کی فرمائش پر اس وقت کے ن لیگ جاپان کے صدر شیخ قیصر محمود نے ملک نور اعوان کے ذریعے شیخ رشید کیلئے قیمتی گاڑی خریدی تھی جس کی خاص بات یہ تھی کہ اس کاروان نما گاڑی کے پچھلے حصے میں بیڈ، صوفہ، ٹی وی اور فریج بھی موجود تھا، اس لگژری گاڑی کی قیمت اس وقت جاپانی بائیس لاکھ ین تھی یہ رقم شیخ رشید احمد نے گاڑی پاکستان پہنچنے سے پہلے ادا کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا، تاہم گاڑی جاپان سے روانہ ہونے کے بعد شیخ رشید نے کبھی گاڑی کی رقم ادا نہیں کی، گزشتہ روز موجودہ ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کے شیخ رشید احمد کے ساتھ جھگڑے کے بعد ن لیگ انٹرنیشنل افیئر کے جنرل سیکرٹری شیخ قیصر محمود نے جنگ کو بتایا کہ جب تک شیخ رشید ن لیگ کے رہنما تھے ہم نے کبھی ان سے رقم کا تقاضا نہیں کیا تاہم جب سے انہوں نے ن لیگ چھوڑی ہے ملک نور اعوان کئی بار شیخ رشید احمد سے اپنی رقم کا تقاضا کرتے رہے ہیں اور گزشتہ سال بھی اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا شیخ رشید سے رقم کے تنازع پر جھگڑا ہوچکا ہے جس کی رپورٹ بھی درج ہے، شیخ قیصر محمود نے کہا کہ شیخ رشید سے رقم کا تنازع سیاست سے ہٹ کر ہے جو اتفاقیہ طور پر میڈیا میں آگیا ہے لہذا میں شیخ رشید احمد سے درخواست کرتا ہوں کہ خدارا وہ بیس سال پرانے بائیس لاکھ روپے فوری طور پر ادا کردیں تاکہ اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کیا جاسکے۔

تازہ ترین