• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کا ناسور پورے معاشرے میں پھیل رہاہے،سراج الحق

 لاہور (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے کرپشن کا ناسور پورے معاشرے میں پھیل رہاہے۔ رشوت ، سفارش اور میرٹ کے قتل عام سے اشرافیہ کی ناہل اولاد یں اداروں کا بیڑا غرق کر رہی ہیں ۔ خواتین کے حقوق کی پامالی وطیرہ بن چکاہے ۔قطر اور سعودی عرب کے تنازعہ سے عالم اسلام کا نقشہ انتہائی خطرناک صورت اختیار کر گیاہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارمنصورہ میں جاری خواتین کی 40 روزہ تفسیر قرآن کلاس اور نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی خواتین کے حقوق کی علمبردار جماعت ہے اور ہم خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں باوقار مقام دینا چاہتے ہیں ۔ بچیوں کو مغرب کی دجالی تہذیب سے مرعوب ہونے کی بجائے حیا کے کلچر کو عام کرناچاہیے ۔اسلام کا معاشی نظام نافذ ہو جائے تو خواتین کا استحصال ختم ہو سکتا ہے۔امیر جماعت نے منصورہ مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ قطر اور سعودی عرب کے تنازعہ سے عالم اسلام کا نقشہ انتہائی خطرناک صورت اختیار کر گیاہے ۔ اس سارے کھیل کا فائدہ دشمن اور نقصان عالم اسلام کو ہوگا ۔ پاکستان اور ترکی مل کر اس تنازع کو حل کرنے کی کوشش کریں ۔ امریکہ خوش ہے کہ ہر مسلمان ملک اس سے اسلحہ خرید کر اپنے مسلمان بھائی کو مارنے کی تیاریاں کررہاہے ۔ اس گھنائونے کھیل کے پیچھے یہودی دماغ ہے اور اس کا اصل مقصد ہی اسرائیل کو محفوظ بنانا ہے ۔ اگرہم نے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ نہ کیا تو تباہی و بربادی سے بچنامشکل ہوگا ۔ سراج الحق نے کہاکہ اسلام دشمن قوتیں امریکی سرپرستی میں عالم اسلام کو تقسیم اور امت مسلمہ کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کے لیے گھنائونا کھیل کھیل رہی ہیں اور امریکہ کے وارے نیارے ہیں ، اس کا اسلحہ کا کاروبار خوب چمک رہاہے اور ہر مسلمان ملک اس سے اسلحہ خرید رہاہے ۔انہو ں نے کہاکہ اس گھمبیر صورتحال سے نکلنے کے لیے ضروری ہے کہ امت کے بڑے سر جوڑ کر بیٹھیں اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں ۔ 
تازہ ترین