سرگودھا(نامہ نگار)یونیورسٹی آف سرگودھا کی طرف سے ادارے سے مسلسل غیر حاضری پر قانونی کارروائی جبکہ سکالر شپ کی سہولت سے فائدہ نہ اٹھانے اور بروقت پی ایچ ڈی مکمل نہ کرنے پر ریکوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ یونیورسٹی آف سرگودھا کی حالیہ سنڈیکیٹ میٹنگ میں کیا گیا۔ یونیورسٹی سنڈیکیٹ کی طرف سے جاری ہونے والے فیصلہ کے مطابق ایسے اساتذہ جو بغیر وجہ بتائے اور درخواست دئیے اپنے ڈیوٹی سے مسلسل غیر حاضر ہیں کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اساتذہ کرام ڈاکٹر ندیم انور راجہ، ڈاکٹر سائرہ یاسمین ،ڈاکٹر اسد علی ،ڈاکٹر نثار احمد، ڈاکٹر سدرہ زاہداور حافظ محمد یوسف کو ڈیوٹی سے لمبے عرصہ تک بغیر وجہ بتائے غیر حاضر رہنے پر نوکری سے برخاست کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیزحافظ محمد یوسف سے سکالر شپ کی رقم اور تعلیمی غرض سے لی جانے والی چھٹی کے دوران حاصل کی جانے والی تنخواہ بھی واپس لی جائے گی۔ یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ اُن اساتذہ سے سکالر شپ کی ریکوری کی جائے گی جنہوں نے پی ایچ ڈی کی غرض سے یونیورسٹی سے معاونت حاصل کی اور اپنی پی ایچ ڈی کرنے میں ناکام رہے ان اساتذہ میں عابد رفیق ،مسٹر کامران ،ندیم انور،شاہد محمود اور حافظ محمد یوسف علی شامل ہیں ۔