امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان تماشائی بننے اور حادثات و سانحات کا انتظار کرنے کے بجائےخلیج کے موجودہ بحران کوحل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔
جماعت اسلامی کے تحت گلشن اقبال کراچی میں افطار پارٹی سے خطاب کرتے سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عالم اسلام کے سفیروں سے رابطوں اور ملاقاتوں کا پروگرام تشکیل دے چکی ہے، بہت جلد رابطوں کا آغاز کردیا جائے گا ۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ امریکا دجالی تہذیب کی صورت میں عالم اسلام پر حملہ آور ہے اوراسے تقسیم در تقسیم کرنا چاہتا ہے، ماضی میں بھی مسلمانوں کو شیعہ سنی کی بنیاد پر لڑایا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان تماشائی بننے اور حادثات و سانحات رونما ہونے کا انتظار کرنے کے بجائےخلیج کے موجودہ بحران کوحل کرانے میں اپنا کردار اداکرے، کشیدگی بڑھے گی تو پاکستان کو بھی نقصان ہوگا۔
سراج الحق کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی عالم اسلام کے سفیروں سے رابطوں اور ملاقاتوں کا پروگرام تشکیل دے چکی ہے اور بہت جلد رابطے شروع کیے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے بجٹ میں کراچی کو اس کے جائز حصے سے محروم رکھا ہے ، ڈھائی کروڑ کے شہر کے لیے کوئی خاطر خواہ رقم مختص نہیں کی گئی، کراچی کو نظر انداز کیا گیا۔
دعوت افطار سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن، امیر ضلع غربی یونس بارائی اور سیکریٹری ضلع شرقی نعیم اختر نے بھی خطاب کیا۔