سکھر (بیورو رپورٹ)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ کے حلقے کے کاشتکاروں نے زرعی پانی نہ ملنے پر سکھر میں سید خورشید شاہ کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیدیا۔ صالح پٹ کے رہائشی بمبلی مائینر کے ٹیل کے کاشتکاروں نے متنبہ کیا کہ جب تک سید خورشید احمد شاہ ان سے مذاکرات نہیں کریں گے اس وقت تک وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے ان کا کہنا تھا کہ زرعی پانی کی عدم فراہمی کے حوالے سے متعدد مرتبہ شکایات کیں لیکن کوئی اس کا ازالہ نہیں کرتا ہماری ہزاروں ایکڑ زمین بنجر ہورہی ہے جب کاشت نہیں ہوگی تو ہم کس طرح گذارا کریں گے ، مالی بحران سے دوچار ہیں، ہمارے مویشی مررہے ہیں، ہمیں مسلسل مالی نقصان ہورہا ہے، بمبلی مائینر میں پانی نہ ہونے کے باعث ٹیل کی زمینیں بنجر ہورہی ہیں۔جب تک سید خورشید شاہ مذاکرات نہیں کریں گے دھرنا جاری رکھا جائے گا، متعلقہ افسران ہوں یا انتظامی افسران سے مذاکرات نہں کریں گے ۔