اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کا لیکچرار منشیات فروش نکلا،طلبہ کی رگوں میں زہر گھول کر انہیں اندھیروں میں دھکیلنے والا استاد پکڑا گیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پشاور کی جامعات میں نشہ آور چیزوں کا استعمال عام ہونے کی شکایات تو پہلے سےعام تھیں، اب پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قدیم درسگاہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی کےلیکچرار کو منشیات کے کاروبار کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس نے انگلش ڈپارٹمنٹ کےلیکچرار کو رنگے ہاتھوں دھر لیا، ملزم یونیورسٹی میں آئس نشہ سپلائی کرتا تھا، پولیس نے منشیات اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا، وہ قبائلی علاقوں سے منشیات لاکر طلبا کو سپلائی کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق شعبہ انگریزی کے اسسٹنٹ پروفیسر بشیر احمد کے قبضے سے چرس اور اعلیٰ قسم کی ہیروئن آئس برآمد ہوئی ہے ۔
ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والی منشیات میں 20گرام آئس اور ڈیڑھ سو گرام چرس شامل ہے، ملزم بشیر کو ریگی ماڈل ٹاؤن تھانے کے ناکے پر حراست میں لے لیا گیا۔
اس نے گرفتاری کے وقت مزاحمت بھی کی، ملزم کے قبضے سے دو پستول بھی برآمد کئے گئے ہیں، پولیس کے مطابق ملزم منشیات قبائلی علاقوں سے لاکر یونیورسٹی میں طلباء کو سپلائی کرتا تھا۔