اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے منگل کو ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروفیشنل اور قانونی مسائل کو حل کرنے کیلئے پیمرا اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے درمیان موثر معاونت اور مشاورت ضروری ہے۔ انہوں نے پی بی اے اور پیمرا کے درمیان مقدمے بازی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں اداروں کو تنازعات کے حل کیلئے پیمرا قوانین میں موجود مشاورت کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اظہار رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور ملک میں آزاد اور ذمہ دار میڈیا کی ترقی کیلئے سہولیات کی فراہمی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ الیکٹرانک میڈیا کے سٹیک ہولڈرز کے درمیان ڈائیلاگ میں سہولت فراہم کرنے کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔ انہوں نے پیمرا کے ضابطہ اخلاق 2015ءکو موثر طور پر لاگو کرنے پر پیمرا کے کردار کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ پی بی اے اور پیمرا کے درمیان مزید مشاورت اور تعاون ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا کا ضابطہ اخلاق 2015ءتمام متعلقہ پارٹیوں سے بے مثال مشاورت اور انہیں اعتماد میں لے کر تشکیل دیا گیا تھا۔ انہوں نے دونوں فریقین سے کہا کہ وہ قانون اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرتے ہوئے ویسے ہی جذبے کا اظہار کریں تاکہ فریقین مسائل کا حل نکال سکیں۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات احمد نواز سکھیرا، ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ ناصر جمال، چیئرمین پیمرا ابصار عالم، پرنسپل انفارمیشن آفیسر محمد سلیم، چیئرمین پی بی اے میاں عامر محمود، جنرل سیکرٹری پی بی اے شکیل مسعود، ممبر پی بی اے میر ابراہیم، دورید قریشی اور شہاب زبیری کے علاوہ وزارت اطلاعات و نشریات کے سینئر حکام نے شرکت کی۔