راولپنڈی(نمائندہ جنگ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نو دن کے اندر اندر شہباز شریف مریم نواز اور اسحاق ڈار کو بھی جے آئی ٹی طلب کر یگی ۔قوم عمران خان کی قیادت میں سپریم کورٹ کے پیچھے کھڑی ہے ،اپوزیشن میں اور عمران خان ہی ہیں۔ جھنڈا چیچی میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء چوہدری عدنان کی افطار پارٹی و جلسے سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو کہہ دیا ہے کہ دو راستے ہیں پہلا یہ کہ جماعت اسلامی، عوامی تحریک اور ق لیگ عمران کے ساتھ ہوں اگر عوام کا پیسہ کھانے والے جیلوں تک نہ پہنچے تو دوسری صورت میں جیلیں بھریں گے۔قربانی سے پہلے قربانی نہیں ہوئی ،میں کیا کروں قصائی ہی بھاگ گیا تھا۔اسحاق ڈار اگر بیان بدلے گا تو جیل جائے گا نہیں بدلے گا تو نواز شریف جیل جائے گا۔پپو باقی تین پرچوں میں بھی فیل ہو جائے گا اس کے ساتھ نقل کروانے والا گڈو بھی جیل جائے گا۔ہم سڑکوں پر نکل کر قربانیوں کی داستان لکھ جائیں گےمیں عمران خان کی دوستی کی خاطر دونوں حلقوں کی سیٹوں کو جوتے کی نوک پر رکھتا ہوں۔شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نندی پور پراجیکٹ بیچ چکے ہیں۔