• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوم چاہتی ہے کرپشن کا جنازہ دھوم دھام سے نکلے، سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے پوری قوم چاہتی ہے کہ سپریم کورٹ سے کرپشن کا جنازہ دھوم دھام سے نکلے ۔ جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ کو بتایاہے کہ سرکاری ادارے ریکارڈ چھپا اور تبدیل کر رہے ہیں جو انتہائی خطرناک اور احتساب کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ ریکارڈ کو چھپانا اور تبدیل کرنا انصاف کاقتل ہے ۔ حکومت جے آئی ٹی کو متنازعہ بنا کر احتساب سے بچنا چاہتی ہے ۔ حکمرانوں کا اب احتساب نہ ہوا تو پھر کبھی نہیں ہو سکے گا ۔ حکمرانوں کے پاس اپنے دفاع کے لیے ثبوت ہوتے تو وہ سپریم کورٹ میں پیش کر چکے ہوتے ۔سینیٹر سراج الحق نےاپنے ایک بیان میں کہاکہ قوم کرپشن کا خاتمہ چاہتی ہے لیکن حکومت کے وزراءاور پارٹی لیڈر جے آئی ٹی کے خلاف گرد اڑا کر اور اداروں کو دھمکیاں دے کر اپنے مقاصد حاصل کرناچاہتے ہیں ۔ اپنے بیانات سے جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس وقت پوری قوم سپریم کورٹ کی پشت پر ہے ۔ جے آئی ٹی کو دھمکیاں دینا اور سرکاری اداروں کا ریکارڈ غائب یا تبدیل کرنا حکمرانوں کے گناہوں کے بوجھ میں اضافہ کرے گا ۔ حکمران عدالتوں کا سامنا کرنے اور اپنی صفائی پیش کرنے کی بجائے ڈرادرھمکا کر احتساب کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں مگر اب وہ قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے جارحانہ رویے سے ثابت ہوگیاہے کہ ان کے پاس اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے کچھ نہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہم حکمرانوں سمیت ہر لٹیرے کا احتساب چاہتے ہیں اور ہمارا پہلے دن سے مطالبہ ہے کہ پانامہ سکینڈل ، دبئی لیکس ، بینکوں سے قرضے لے کر معاف کرانے والوں میں سے کسی کردار کو بھی چھوڑ ا نہ جائے اور وزیراعظم کے احتساب کے بعد سابقہ حکمرانوں اور ان کے حواریوں کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے وہ کوئی مقد س گائے نہیں ہیں ۔ انہوں نے بھی قوم کے وسائل کو بیدردی سے لوٹا اور بیرون ملک بینکوں میں جمع کرادیا جس پر وہ عیش کر رہے ہیں، انہیں بھی پکڑا جائے اور ان سے لوٹی گئی رقم کی پائی پائی وصول کی جائے ۔
تازہ ترین