• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اللہ گواہ ہے کسی ادارے کے کام میں رکاوٹ ڈالی نہ ڈالوں گا، اسحاق ڈار

Todays Print

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت نےجے آئی ٹی کی تفتیش کوروکاہے اور نہ روکے گی،قومی اسمبلی میں ارکان کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر اسحاق ڈار نے کہا کہ اللہ گواہ ہے کسی ادارے کے کام میں رکاوٹ نہیں ڈالی نہ ڈالوں گا، جے آئی ٹی کو ٹرکوں کےحساب سےیکارڈ دیا جا رہا ہے، پتہ نہیں، کس دبائو میں درخواست دی،حکومت پر الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، ایف بی آر اور ایس ای سی پی انکے ماتحت ادارے ہیں، سپریم کورٹ نے اداروں سے جواب مانگا ہے اور وہ اس کا جواب دیں گے، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائیگا، عدالتوں کے باہرعدالتیں نہیں لگانی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جے آئی ٹی کے پراسس کا احترام کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان کی جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر وہاں نہ آئیں۔

وزیر خزانہ نے اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دی کہ وہ قومی اقتصادی ایجنڈے پر اتفاق رائے پیدا کریں، اقتصادی ایجنڈا پاکستان کی بقاء اور ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے، ہم اپوزیشن کے ساتھ کھلے دل سے بیٹھنے کیلئے تیار ہیں، ہم نے 2018ء سے 2023ء تک کا اقتصادی ایجنڈا پیش کیا ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر آگے بڑھنا ہوگا۔ کوئی عقل کل نہیں۔

پاکستان کا مستقبل روشن ہے، صرف کمی اس بات کی ہے کہ ہمیں ذاتی ایجنڈے سے بالاتر ہوکر آگے بڑھنا ہوگا، قومی اقتصادی ایجنڈے کے حوالے تجاویز اور سفارشات کا خیرمقدم کرینگے، ہم نے ساری زندگی اقتدار میں نہیں رہنا اور نہ ہی کسی نے ساری زندگی اپوزیشن میں رہنا ہے اس لئے ہمیں آئین و قانون کی بالادستی کو مقدم رکھناچاہیے۔

تازہ ترین