• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی سیاست میں جولائی انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پرویز الٰہی

گجرات(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں آنے والا مہینہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سب کی نظریں جے آئی ٹی کی رپورٹ پر لگی ہیں، دو سینئر ترین ججوں کی طرف سے تو فیصلہ سنا دیا گیا ہے اور جن 3ججوں نے مزید ثبوت مانگے ہیں شریف برادران نے انہیں بھی آنکھیں دکھانا شروع کر دی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلال پور جٹاں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں عمران خان یا کسی دوسری جماعت کا کوئی کردار نہیں یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے پکڑ میں آئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ بیٹے کچھ بیان دیتے رہے اور باپ کچھ کہتا رہا، رہی سہی کسر قومی اسمبلی میں نوازشریف کی تقریر نے پوری کر دی۔ ابھی تو جے آئی ٹی نے کچھ کہا نہیں تو اتنا شور مچا رہے ہیں، پیپلزپارٹی کے دور میں چودھری شجاعت اور مجھے حوالات میں بند رکھا گیا لیکن ہم نے تمام حالات کا صبر سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن عروج پر ہے، شہبازشریف نے پنجاب کا سارا پیسہ اورنج لائن منصوبہ پر لگا دیا آج بھی چار ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال ہے، لوڈشیڈنگ کے خلاف شہبازشریف کا مینار پاکستان پر لگایا گیا جعلی کیمپ اب انہیں یاد نہیں آ رہا۔
تازہ ترین