ٹوکیو ،جاپان(عرفان صدیقی )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے مسلم لیگ (ن) أوورسیز کے جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود تمام دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ جمعہ کےروز پاکستان روانہ ہوگئے ہیں جہاں وہ( ن) لیگ جاپان کے صدر اور شیخ رشید کے ساتھ پیسوں کا تقاضہ کرنےوالے ملک نور کے ہمراہ نہ صرف پریس کانفرنس کریں گے بلکہ تمام دستاویزی ثبوت عوام اور عدالت کے سامنے پیش کریں گے ، اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ جاپان نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو جاپان سے 22 لاکھ روپے مالیت کی کیمپنگ کار بھیجنے کے شواہد حاصل کرلئے ہیں، اس سلسلے میں پارٹی کی ٹیم آئندہ چند روز میں پاکستان پہنچ رہی ہے اور اسلام آباد میں اہم پریس کانفرنس میں شواہد پیش کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ جاپان کے رہنما ملک نور اعوان کے سینئر سیاستدان اور پارلیمنٹریرین شیخ رشید احمد پر عائد کردہ الزامات کو ثابت کرنے کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کی ٹیم ٹوکیو میں متحرک ہے۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید کو فروری 1998 میں بھیجی گئی پرتعیش کیمپنگ کار نیلامی میں خریدنے کے کاغذات، بل آف لینڈنگ اور شپمنٹ کی دستاویزات حاصل کرلی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ گاڑی جاپان کی صوبہ سائیتاما کے یو ایس آکشن سینٹر سے نیلامی میں خریدی گئی تھی،۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید احمد اس روز مسلم لیگی رہنما ملک نور اعوان اور دیگر کے ساتھ خود آکشن سینٹر گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اس موقع کی تصاویر بھی حاصل کی گئی ہیں۔ واضع رہے کہ شیخ رشید احمد نے ملک نور کے خلاف مقدمہ درج کرایا اور علی الاعلان کہا کہ وہ الزام لگانے والے شخص کو نہیں جانتے۔ اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرانے اور 22 لاکھ روپے وصول کرنے کیلئے تمام شواہد کے ساتھ عدالتی چارہ جوئی کر رہے ہیں۔