اسلام آباد ( رانا غلام قادر ، نیوز رپورٹر) مارگلہ ہلز کے نیشنل پارک ایریا سے ہری پور کو راستہ دینے کیلئے سی ڈی اے کو پھر دبائو کا سامنا ہے۔ سابق چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے بھی یہ راستہ دینے کیلئے انوائرمنگ ونگ پر دبائو ڈ الا تھا مگر وہ نا کام رہے ۔ اس راستے کا مقصد ملحقہ اراضی کو قیمتی بنا نا اور ہا ئوسنگ سکیم کی راہ ہموار کرنا ہے۔ اس مرتبہ نئے انداز سے یہ کوشش کی گئی کہ سابق ڈ ائریکٹر کو آرڈی نیشن محمد قاسم نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کے پی ایس کو خط لکھا کہ رابطہ سڑک کی تعمیر پر 1380181 روپے خرچ ہوں گے ۔ سی ڈی اے ان دنوں مالی بحران سے دوچار ہے لھذا یہ رقم آپ ادا کریں۔ یہ خط 24 اپریل کو لکھا گیا۔ چار مئی کو ڈپٹی اسپیکر آفس نے جوابی خط میں مطلع کیا کہ یہ رقم سی ڈی اے کے اکائونٹ میں جمع کرادی گئی ہے۔یہ تخمینہ لاگت شعبہ ایم پی او سے لگوا یا گیا تھا اور اس نے یہ سڑک تعمیر کرنی تھی۔ اس دوران چیئرمین سی ڈی اے کو معاملے کی نزاکت سے آ گاہ کیا گیا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے۔ ہری پور صوبہ خیبر پختو نخوا میں ہے اور نیشنل پارک ایریا سے سڑک نہیں دی جا سکتی۔ ڈ ائریکٹر کوآر ڈینیشن نے شعبہ ایم پی او کو سڑک بنا نے کی جو ہدایت دی تھی وہ واپس لے لی ۔ اس طرح کام شروع نہ ہو سکا۔ذر ائع نے بتا یا کہ حکومت خیبر پختو نخوا نے بھی سی ڈی اے کو اس کیلئے خط لکھا ہے جس پر ڈ ائریکٹر پلاننگ ریجنل نے اختلافی نوٹ لکھا ہے اور سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی ساتھ لگا کر ممبر انوائرمنٹ کو بھیج دیا ہے کہ یہ راستہ نہیں دیا جا سکتا۔