لاہور،شیخوپورہ(خصوصی رپورٹر،نمائندہ جنگ) پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم پرایک بار پھر سے حملہ ہوا ہے ۔ شیخوپورہ میں گٹکا کی بڑی کھیپ پکڑنے پر مالکان نے پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم پر ہلہ بول دیا اورڈنڈوں اور پتھروں سے ٹیم پر حملہ کر دیا، فوڈ اتھارٹی ٹیم کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیے۔حیران کن طور پر پولیس کی نفری موقع پر موجود رہی لیکن حملہ آوروں کو بالکل نہیں روکا بلکہ تماشہ دیکھتی رہی اور مجرموں کو ہلہ شیری دیتی رہی۔حملہ کرنے والوں میں خواتین بھی شامل تھیں۔ فوڈ اتھارٹی ٹیم میں شامل خواتین افسران محفوظ رہیں تا ہم ڈائریکٹر ویجلنس حملے کی زد میں آکر زخمی ہوئے جنہیں فوری طبعی امداد کے لیے قریبی ہسپتال لے جایا گیا۔ حملہ کرنے والوں کے گودام سے پہلے بھی 5لاکھ پیکٹ گٹکا برآمد ہوا تھا۔ اب کی بارچھاپہ مارا گیا توپہلے سے لگی سیلیں توڑ کر گودام کھلاہوا تھا اوردوبارہ سپلائی منگوا کر کام جاری تھا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل فوری طور پرموقع پر پہنچ گئے اور کاروائی مکمل کروا کر گودام سیل اور حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ۔شیخوپورہ سے نمائندہ جنگ کے مطابق محلہ جناح پارک میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ایک گھر پر چھاپہ مارا تو علاقہ کے لوگ جمع ہو گئے اور شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ فوڈ اتھارٹی کے ملازمین نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے جبکہ گھر سے کوئی چیز نہیں ملی اور دوسری طرف فوڈ اتھارٹی کے ذرائع نے ان الزامات کی تصدیق نہیں کی ۔