سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) پیپلز پارٹی سیالکوٹ کی تنظیم سازی کے بعد پرانے عہدیدران کو ضلعی صدر اور سیکرٹری بنا دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیالکوٹ کی تنظیم سازی کرتے ہوئے سابق تحصیل ناظم ڈسکہ اعجاز چیمہ کو ضلعی صدر پاکستان پیپلز پارٹی سیالکوٹ جبکہ سابق سٹی صدر پاکستان پیپلز پارٹی و سابق صدر بار خواجہ اویس مشتاق کو جنرل سیکرٹری سیالکوٹ مقرر کر دیا ہے ،پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنوں اورجیالوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے ضلعی تنظیم سازی کے نوٹیفکیشن کو مسترد کر دیا ، پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا حالیہ تنظیم سازی پر بھوک ہڑتالی کیمپ کا اعلان کردیا۔کارکنوں کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے پنجاب آرگنائزنگ کمیٹی کی سفارشات کو پس پشت ڈالتے ہوئے پنجاب کی قیادت کی ذاتی پسند پر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ،نوٹیفکیشن کو فوری طور پر کالعدم قرار دے کر پنجاب آرگنائزنگ کمیٹی کی سفارشات کے مطابق سیالکوٹ میں تنظیم سازی کی جائے۔